ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں قائم ہوگی ملک کی سب سے پہلی کوسٹ گارڈ فورس ٹریننگ اکیڈیمی

منگلورو میں قائم ہوگی ملک کی سب سے پہلی کوسٹ گارڈ فورس ٹریننگ اکیڈیمی

Sun, 08 Dec 2019 20:29:23    S.O. News Service

منگلورو8/دسمبر (ایس او نیوز) ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لئے مصروف رہنے والی کوسٹ گارڈ فورس کی تربیت کے ملک کی سب سے پہلی ٹریننگ اکیڈیمی منگلورو میں قائم ہونے جارہی ہے جس کے لئے کینجار کے علاقے میں گرو پور ندی کے پاس 160ایکڑ زمین ریاستی حکومت کی طرف سے مختص کردی گئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ دو سال کے اندراس اکیڈیمی کی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔

کوسٹ گارڈ فورس کی ٹریننگ کے لئے مجوزہ ملک کی پہلی اکیڈیمی اپنے یہاں قائم کرنے کے لئے بہت سی ریاستوں نے کوششیں کی تھیں۔سابقہ مرکزی حکومت میں جب اے کے انتھونی وزیر دفاع تھے تو ان کی حمایت کی وجہ سے یہ منصوبہ کیرالہ ریاست کو دینا طے ہواتھا، اور وہاں پر اکیڈیمی کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب بھی انجام دی گئی تھی۔لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے کوکرناٹکا کے منگلورو میں منتقل کیا گیا ہے۔مرکزی وزارت دفاع کے اسسٹنٹ منسٹر سریپاد ا نائیک نے اس بات کی توثیق بھی کردی ہے۔

خیال رہے کہ دوسال قبل سابقہ ریاستی حکومت کے وزیر یو ٹی قادر نے اس اکیڈیمی کو منگلورو میں قائم کروانے کے لئے کافی جدوجہد کی تھی۔ریاستی کابینہ نے مرکزی حکومت کے اس1,010کروڑ روپے کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے 160ایکڑ زمین مختص کرنے کی تجویز پاس کردی تھی۔یہ زمین اس وقت کرناٹکا انڈسٹریل ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ کی تحویل میں ہے۔ اس منصوبے کے لئے اگر مرکزی حکومت چاہے تو ریاستی حکومت فروخت کرنے کے لئے تیار ہے۔ مگر ابھی اس قیمت طے نہیں ہوئی ہے۔ جیسے ہی یہ مرحلہ پورا ہوجائے گامرکزی حکومت اس زمین کو خریدنے کے بعد کوسٹ گارڈ کے حوالے کردے گی۔

مارچ 2018میں اس وقت کی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے بھی کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل راجیندرا سنگھ کے ساتھ اس مقام کامعائنہ کیاتھا۔اگر یہ مجوزہ اکیڈیمی منگلورو میں قائم ہوجاتی ہے تو یہ کوسٹ گارڈ فورس میں شامل ہونے والے نئے جوانوں کے لئے تربیت کا پہلا اور اہم ترین مرکز بن جائے گا،کیونکہ فی الحال کوسٹ گارڈ کا اپنا کوئی تربیتی مرکز نہیں ہے اور اس کے جوانوں کو نیول اکیڈیمی میں تربیت دی جاتی ہے۔اس لئے کوسٹ گارڈ کے لئے خاص تربیتی اکیڈیمی قائم کرنے کی تجویز 2009میں مرکزی حکومت نے پاس کی تھی۔

اب اگر یہ اکیڈیمی منگلورو میں قائم ہوتی ہے تو پوری ساحلی پٹی پر نگرانی اور تحفظ کے بہترین اور جدید ترین انتظامات ہونگے اور اس کے ساتھ شہر منگلورو کی بھی معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔


Share: